اے آئی کی مدد سے نقل روکنے کے اقدامات پر الجھن کے بعد جنوبی کوریا کے وزیر تعلیم مستعفی
جنوبی کوریا میں کالجوں کے داخلہ امتحان میں اے آئی کی مدد سے نقل روکنے کے لیے آخری وقت پر کیے گئے اقدامات سے الجھن پیدا ہونے کے بعد چوئی کیو جن اتوار کو مستعفی ہو گئے۔ امتحان سے متعلق ایک الگ معاملے میں ٹیکس اکاؤنٹنٹ کے امتحان میں سب سے زیادہ نمبر حاصل کرنے والے امیدوار نے اے آئی استعمال کرنے کا اعتراف کیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق جنوبی کوریا کے وزیر تعلیم چوئی کیو جن اتوار کو مستعفی ہو گئے۔ مصنوعی ذہانت کی مدد سے نقل روکنے کے لیے آخری وقت پر کیے گئے اقدامات کے باعث ملک بھر میں کالجوں کے داخلے کے لیے ہونے والے قومی امتحان کے حوالے سے الجھن پیدا ہو گئی تھی۔ صدارتی ترجمان کانگ یو جنگ نے کہا کہ صدر لی جے میونگ نے چوئی کے عہدہ چھوڑنے کے اعلان کے تقریباً ایک گھنٹے بعد استعفا قبول کر لیا۔
کانگ نے کہا کہ نئے وزیر تعلیم کی تقرری معمول کے طریقہ کار کے مطابق ہوگی۔ کالجوں کے داخلہ امتحان کے حوالے سے یہ الجھن ایسے وقت میں پیدا ہوئی جب ٹیکس اکاؤنٹنٹس کے اہلیتی امتحان کے دوران اے آئی کے استعمال کا ایک الگ معاملہ بھی سامنے تھا۔
اپریل اور جولائی میں منعقدہ ٹیکس اکاؤنٹنٹ کے امتحان کے دونوں مرحلوں میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے ایک امیدوار نے اپنے وکیل کے ذریعے اعتراف کیا کہ امتحانات کے دوران سوالات کے جواب حاصل کرنے کے لیے اے آئی استعمال کی تھی۔ امیدوار نے پہلے مرحلے میں 400 میں سے 397.5 نمبر حاصل کیے اور 160 سوالات میں سے صرف ایک کا غلط جواب دیا۔ اس نتیجے کے بعد الزام لگایا گیا کہ امیدوار نے اسمارٹ عینک استعمال کرکے نقل کی تھی۔
سیول میٹروپولیٹن پولیس ایجنسی نے کہا کہ اسے اسی صبح امیدوار کے وکیل کی جانب سے نقل کرنے کا تحریری اعتراف موصول ہوا۔ پولیس نے کہا کہ اس نے معاملہ تفتیش کاروں کے سپرد کر دیا ہے۔
امیدوار نے اپنے وکیل کے یوٹیوب چینل پر ایک ویڈیو میں ”گہری ندامت“ کا اظہار کیا اور بتایا کہ امتحان کے دوران سوالات کے جواب کیسے حاصل کیے۔ امیدوار نے کہا کہ ایک چھوٹے کیمرے سے سوالات کی تصاویر کھینچ کر اے آئی ٹول کو بھیجی تھیں۔ اس کے بعد اپنے اسمارٹ فون پر جواب پڑھ لیے۔
یہ خبر شیئر کریں
اسے کسی ایسے شخص کو بھیجیں جسے یہ پڑھنی چاہیے۔






